ٹیکس فراڈ: لیونل میسی کی عدالت میں پیشی

Image caption میسی دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹبالر لیونل میسی اور ان کے والد جمعہ کو ٹیکس فراڈ کے معاملے میں ایک ہسپانوی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

میسی ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کے لیے کھیلتے ہیں اور سپین کی حکومت میسی اور ان کے والد کی جانب سے 40 لاکھ یورو سے زیادہ کے مبینہ فراڈ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق 26 سالہ میسی اور ان کے والد جارج ہوریشيو پر سنہ 2007 سے سنہ 2009 کے دوران غلط ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا شبہ ہے۔

میسی اور ان کے والد پر شک ہے کہ انہوں نے میسی کی تصاویر کے استعمال کا حق فروخت کرنے کے لیے بیلیز اور یوراگوئے میں قائم کمپنیوں کو استعمال کیا۔

چار بار فیفا کے سال کے بہترین فٹ بال کھلاڑی کا اعزاز جیتنے والے میسی اور ان کے والد ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

میسی اور ان کے والد جمعہ کو بارسلونا کے علاقے گاوا کی ایک عدالت میں پیش ہوئے اور یہ ’ان کیمرہ‘ کارروائی کے بعد سرکاری وکیل کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ تاحال اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وکلائے صفائی اس معاملے میں لیونل میسی کے والد کو موردِ الزام قرار دینے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہیں اور یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ارجنٹائن کے فٹبالر کو اس بارے میں لاعلم تھے۔

لیونل میسی کی جس آمدن پر ہسپانوی حکام کو اعتراض ہے وہ رقم انہیں پیپسی کولا، پراکٹر اینڈ گیمبل، ڈینون اور ایڈیڈاس جیسی کمپنیوں سے کیے جانے والے معاہدوں کے نتیجے میں ملی تھی۔

ایک اندازے کے مطابق بارسلونا کلب میسی کو تنخواہ کے طور پر سالانہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ یورو دیتا ہے اور وہ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اس کے علاوہ میسی نے مختلف اشتہاری کمپنیوں کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے معاہدے بھی کر رکھے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق ان کی کل سالانہ آمدن کا تخمینہ تقریباً 31 ملین یورو لگایا جاتا ہے۔

میسی نے سنہ 2000 میں 13 برس کی عمر میں بارسلونا فٹبال کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور تین برس بعد وہ مرکزی ٹیم کا حصہ بنائے گئے تھے۔

فٹبال کی دنیا کے ماہرین ان کا شمار اس کھیل کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں کرتے ہیں تاہم مبینہ ٹیکس چوری کا یہ معاملہ میسی کی اس شبیہ کے لیے نقصان دہ ہے جس کے تحت ان کا شمار عالمی فٹبال میں سب سے انکسار پسند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

اسی بارے میں