سری نواسن بی سی سی آئی کے تیسری بار صدر

Image caption این سری نواسن بی سی سی آئی کے صدارتی انتخاب کے لیے واحد امیداوار تھے

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے موجودہ صدر این سری نواسن کو لگاتار تیسری بار بی سی سی آئي کا صدر منتخب کر لیا گيا ہے۔

بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئي کے مطابق اتوار کو جنوبی ہند کے معروف شہر چنّئي میں بی سی سی آئی بورڈ کے سالانہ اجلاس میں این سری نوا سن بلامقابلہ صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے وہ واحد امیدوار تھے اس لیے ان کے انتخاب کو رسمی سمجھا جا رہا تھا۔ انہیں جنوبی زون کی تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی حمایت حاصل تھی۔

صدر کے علاوہ بورڈ کے پانچ نائب صدور کا بھی بلامقابلہ انتخاب عمل میں آيا۔ ساتھ ہی سنجے پٹیل کو بورڈ کا نیا سیکرٹری اور انیرودھ چودھری کو خزانچی منتخب کیا گیا۔

بی سی سی آئی کے صدر کا استعفے سے انکار

رنجیب بسوال کو آئی پی ایل کا چیئر مین منتخب کیا گيا ہے۔

واضح رہے کہ اس انتخاب کے باوجود ابھی یہ واضح نہیں کہ این سری نواسن فی الحال اپنا عہدہ سنبھال پائیں گے یا نہیں۔ اس بات کا علم سوموار کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی ہو پائے گا۔

اس سے قبل بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری آدتیہ ورما نے سری نواسن کو صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے سے باز رکھنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جمعہ کو عدالت نے سری نواسن کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت تو دے دی لیکن ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی تھی کہ اگلے حکم تک وہ عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔

سری نواسن آئی پی ایل -6 میں چنئی سپر کنگز کے مالک ہیں۔ ان کے داماد گروناتھ ميپّن پر آئی پی ایل میچوں میں فکسنگ کا الزام ہے۔

تنازعے میں ميپّن کا نام سامنے آنے کے بعد این سری نواسن کوصدر کے طور پر باقاعدہ کام کاج کرنے سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔ اس دوران ان کی جگہ جگ موہن ڈالمیا بورڈ کی روزانہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

وسط زون کے لیے کانگریس لیڈر اور مرکزی وزیر راجیو شکلا ، شمالی زون کے لیے ایس بنسل، مغربی زون کے لیے روی ساونت، جنوبی زون کے لیے شیولال یادو اور مشرقی زون کے لیے چترك متراکو نائب صدر منتخب کیے گئے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق جمعہ کو بی سی سی آئی کے وسط زون کے نائب صدر سدھیر ڈابر اور مغربی زون کے نائب صدر نرنجن شاہ کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہر چند کہ ان کی مدت میں توسیع کی جاسکتی تھی۔

دوسری جانب بورڈ کے ایک دوسرے نائب صدر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ارون جیٹلی نے اپنی سیاسی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے عہدے سے سبکدوشی اختیار کر لی ہے۔

اسی بارے میں