یوراج سنگھ کی ٹیم میں واپسی

Image caption آسٹریلیا کی ٹیم اکتوبر میں بھارت کا دورہ کر رہی ہے

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے سوموار کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اور پہلے تین ون ڈے میچوں کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے ٹیم کی فہرست جاری کی۔اس ٹیم میں بھارت کے معروف آل راؤنڈر یوراج سنگھ کی واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم اکتوبر میں بھارت کا دورہ کر رہی ہے جہاں وہ ٹی20 انٹرنیشنل کے علاوہ سات ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھی کھیلے گی۔

پہلا ٹی 20 راجکوٹ میں دس اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ون ڈے 13 اکتوبر کو مہاراشٹر کے شہر پونے میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ایک روزہ میچ 16 اکتوبر کو جے پور میں اور تیسرا میچ 19 اکتوبر کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔

یوراج سنگھ کو کینسر کے مرض سے صحتیاب ہونے کے بعد اس سے قبل بھی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن پھر بعد میں انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ انھوں نے حالیہ سیزن میں ملک کے اندر کھیلے جانے والے میچوں میں اور انڈیا اے کی جانب سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث انھیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ امبتی رائیڈو اور اناڈکت کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پیر کو بی سی سی آئی کے سیلکٹروں کی میٹنگ کے بعد جس ٹیم کا اعلان کیا گيا وہ اس طرح سے ہے:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، شیکھر دھون، روہت شرما، یوراج سنگھ، سریش رائنا، ویراٹ کوہلی، رویندر جڈیجا، روی چندرن اشون، ایشانت شرما، بھونیشور کمار، امت مشرا، ونے کمار، امبتی رائیڈو، جے دیو اناڈکت اور سمیع احمد۔

اسی بارے میں