کبیر خان: ’ورلڈ کپ 2015 کے لیے ہماری مدد کریں‘

افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کبیر خان
Image caption کبیر خان پاکستانی ٹیم کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ نے انڈیا اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے پہلے ورلڈ کپ کے لیے ان کی مدد کریں۔

افغانستان نے جمعے کو کینیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2015 کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

تصاویر: افغانستان میں جیت پر جشن

افغانستان کینیا کو ہرا کر ورلڈ کھیلنے کا اہل

پاکستانی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی کبیر خان کا کہنا تھا کہ ’میں ورلڈ کپ سے پہلے مستقل ممبران کے خلاف زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہوں گا‘۔

’مجھے امید ہے کہ ہمارے ہمسایہ ممالک جیسا کہ بنگلہ دیش، انڈیا اور پاکستان ہمارے ساتھ چند میچز کھیل کر اس بڑے ٹورنامنٹ کی تیاری میں ہماری مدد کریں گے۔‘

صرف پانچ سال قبل افغانستان پانچویں درجے کی بین الاقومی کرکٹ کھیل رہا تھا اور دو ہزار دس اور بارہ میں ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

لیکن افغانستان نے صرف دو مرتبہ بڑی ٹیموں کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ ایک میچ میں پاکستان نے انہیں سات وکٹوں سے شکست دی تھی اور دوسرا میچ 2012 میں آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں کھیلا تھا جس میں انہیں 66 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

کبیر خان کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بڑی ٹیمیں ہمیں بری طرح ہرانا چاہیں گی لیکن ہم اپنی بہترین تیاری کریں گے اور دنیا کو دکھانے کی کوشش کریں گے کہ ہم کس قابل ہیں۔‘

افغانستان کے لیے یہ ایک مشکل مشن ہوگا کیوں کہ وہ 2015 کے ورلڈ کپ میں گروپ اے میں ہیں جس میں چار مرتبہ کا ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا، میزبان نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور سری لنکا ہیں۔

جمعے کو کینیا کے خلاف میچ میں افغانستان کے اٹھائیس سالہ کپتان محمد نبی نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

اپنی ٹیم کے کئی ساتھیوں کی طرح محمد نبی بھی پاکستان میں ایک پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہوئے تھے اور پشاور کے ہی ایک کیمپ میں انہوں نے کرکٹ سیکھی تھی۔ ان کے والدین سوویت جنگ کے دور میں افغانستان کو چھوڑ کر پاکستان آگئے تھے۔

محمد نبی کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی تو مجھے امید نہیں تھی کہ میں ورلڈ کپ کھیلوں گا‘۔

’لیکن یہ لمحہ مجھے عزیز ہے اور میں دنیا کے بہترین میدانوں میں بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا منتظر رہوں گا‘۔

افغانستان ورلڈ کپ 2015 میں اپنا پہلا میچ اٹھار فروری کو کینبرا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

اسی بارے میں