پاکستان سنوکر کا عالمی چیمپیئن بن گیا

Image caption محمد آصف نے محمد سجاد کے ساتھ مل کر فائنل میں ہاری ہوئی بازی پلٹ دی

پاکستان نے ایران کو شکست دے کر آئرلینڈ میں کھیلی جانے والی ورلڈ ٹیم امیچیور سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی ہے۔

آئرش شہر کارلو میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کے محمد سجاد اور محمد آصف نے عامر سرکوش اور سہیل وحیدی پر مشتمل ایرانی ٹیم کو تین کے مقابلے میں پانچ فریم سے شکست دی۔

اس میچ میں ایک موقع پر پاکستانی ٹیم تین صفر کے خسارے میں تھی لیکن پھر آصف اور سجاد نے لگاتار پانچ فریم جیت کر پاکستان کو یہ اعزاز دلوا دیا۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان آئرلینڈ جبکہ ایران نے ویلز کو شکست دی تھی۔

یہ دو برس میں دوسرا موقع ہے کہ سنوکر کے کھیل میں پاکستان نے کوئی عالمی اعزاز جیتا ہے۔

گزشتہ سال پاکستان کے محمد آصف نے بلغاریہ میں کھیلی گئی عالمی ایمیچیور سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی۔

محمد آصف کو اس سال لیٹویا میں کھیلی جانے والی عالمی چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔ جس کے بعد وہ پروفیشنل سرکٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

آئرلینڈ میں ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ کے ساتھ ساتھ 6 ریڈ بال ورلڈ چیمپئن شپ بھی کھیلی گئی تاہم اس میں محمد آصف اور محمد سجاد کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ پری کوارٹر فائنل میں آ کر رک گیا تھا جس میں محمد آصف آسٹریلیا کے ایڈرین ریڈلے سے ہارے اور محمد سجاد کو ویلز کے ای این سارجنٹ نے شکست دی۔

اسی بارے میں