ٹی ٹوئنٹی میں یوراج کی شاندار واپسی

Image caption یوراج سنگھ کو وقفے کے بعد ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کرکٹ سیریز میں کھیلا جانے والا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھارت نے چھ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

بھارت کے شہر راج کوٹ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

جواب میں بھارت نے 202 رنز کا ہدف انیس اعشارہ چار اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

یوراج سنگھ کی ٹیم میں واپسی

آسٹریلیا کے برعکس بھارت کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 12 کے سکور پر اسے پہلا نقصان شرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو آٹھ رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد 50 پر رائنا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 80 کے سکور پر دھاون 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کی اننگز کے 100 رنز مکمل ہوتے ہی کوہلی 29 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد یوراج اور کپتان دھونی کے درمیان 102 رنز کی شراکت داری کی وجہ سے یہ میچ بھارت نے چھ وکٹوں سے جیت لیا۔

بھارت کی جانب سے یوراج سنگھ نے 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی اننگز میں فنچ نے 89 رنز بنائے جبکہ بھارت کی جانب سے ونئے کمار اور بھونیشور کمار نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا اور بھارت کے مابین 7 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تیرہ اکتوبر کو پونے میں کھیلا جائے گا۔

یوراج سنگھ کو کینسر کے مرض سے صحتیاب ہونے کے بعد اس سے قبل بھی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن پھر بعد میں انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ انھوں نے حالیہ سیزن میں ملک کے اندر کھیلے جانے والے میچوں میں اور انڈیا اے کی جانب سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث انھیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں