جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

Image caption ’پروفیسر‘ کے نام سے پکارے جانے والے محمد حفیظ پاکستانی ٹی20 ٹیم کے کپتان ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے سولہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں تیس اکتوبر سے گیارہ نومبر تک کھیلی جائے گی۔

ایک روزہ ٹیم میں بلے بازوں محمد حفیظ اور عمر اکمل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ یونس خان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ شاہد آفریدی بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ کپتانی مصباح الحق کو سونپی گئی ہے۔

محمد حفیظ کو حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل بری کارکردگی کی وجہ سے چنا نہیں گیا تھا۔ مگر دوسری جانب ستمبر کے مہینے میں محمد حفیظ ایک روزہ میچوں کی آئی سی سی کی درجہ بندی میں دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر قرار پائے تھے۔

’پروفیسر‘ کے نام سے پکارے جانے والے محمد حفیظ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہیں۔

عمر اکمل کو زمبابوے میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بیماری کے باعث شامل نہیں کیا گیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے ’مین آف دی میچ‘ خرم منصور اور پچتہر رنز بنانے والے شان مسعود کو بھی ایک روزہ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

گیند بازوں میں سہیل تنویر اور وہاب ریاض کو واپس ٹیم میں بلا لیا گیا ہے۔

اس وقت متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی گذشتہ دو سالوں میں یہ پہلی ٹیسٹ شکست ہے۔

پاکستانی ٹیم: احمد شہزاد، ناصر جمشید، محمد حفیظ، مصباح الحق، اسد شفیق، عمر اکمل، عمر امین، شعیب مقصود، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، عبد الرحمان، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، وہاب ریاض، سہیل تنویر

اسی بارے میں