ٹینس: اعصام الحق اور جولین راجر سٹاک ہوم اوپن کے فاتح

Image caption اعصام الحق اور جولین راجر کا یہ 2013 میں دوسرا اے ٹی پی ٹائٹل ہے

پاکستانی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور ان کے ساتھی نیدرلینڈز کے جولین راجر نے سٹاک ہوم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

اتوار کو ڈبلز مقابلوں کے فائنل میچ میں انہوں نے سوئیڈن کے جوناس بورکمین اور رابرٹ لنڈسٹڈ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

سویڈین کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں کھیلا جانے والا یہ میچ ایک گھنٹے تک جاری رہا اور اعصام اور جولین نے چھ دو اور چھ دو کے سکور سے میچ جیتا۔

فتح کے بعد پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اعصام الحق نے اپنی جیت کو قوم کے لیے عید کا تحفہ قرار دیا۔

اعصام الحق اور جولین راجر اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ تھے اور یہ اس سال دوسرا اے ٹی پی ٹورنامنٹ ہے جو انہوں نے جیتا ہے۔

اس سے قبل رواں سال مارچ میں سونی اوپن میں بھی یہی دونوں فاتح رہے تھے۔

یہ گزشتہ تین برس میں دوسرا موقع ہے کہ اعصام الحق سٹاک ہوم اوپن ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اس سے قبل 2011 میں وہ اپنے سابقہ پارٹنر بھارت کے روہن بوپنا کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں فتح یاب رہے تھے۔

اسی بارے میں