’ ثانیہ آپ کے بچے کب پیدا ہوں گے‘

بھارت کی سٹار ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اپنی پارٹنر کھلاڑی کارا بلیک کے ساتھ چائنا اوپن جیت کر خواتین کے ڈبلز کی عالمی رینکنگ میں ایک بار پھر سے ٹاپ ٹین میں آ گئی ہیں۔
اس جیت کے بعد ان دنوں ثانیہ کسی مقابلہ کی تیاری کرنے کے بجائے آرام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگلے تین چار ہفتے وہ چھٹیوں پر ہیں۔
بی بی سی ہندی سے ہونے والی بات چیت میں ثانیہ نے کہا ’میں حال ہی میں دبئی سے واپس آئی ہوں۔ اپنے میاں شعیب ملک کے ساتھ ہم نے وہاں تین چار دن گزارے‘۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ عالمی سطح کی کھلاڑی ہیں اور آپ کے میاں شعیب ملک بھی عالمی سطح کے کرکٹر ہیں تو کیا شادی کے بعد آپ کی زندگی میں کوئی تبدیلی رونما ہوئی ہے، تو انھوں نے کہا: ’میری زندگی میں کوئی قابل ذکر فرق نہیں آیا۔ البتہ چھوٹی موٹی تبدیلیاں ضرور آئی ہیں۔ شعیب سمجھتے ہیں کہ اس وقت میری زندگی میں کھیل سب سے زیادہ اہم ہے۔ ہم دونوں ہی اس بات سے متفق ہیں کہ کھیل ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
ثانیہ کہتی ہیں ’ایک بڑی تبدیلی یہ آئی کہ ہماری ٹریلولنگ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ کبھی وہ مجھ سے ملنے آتے ہیں تو کبھی میں ان سے ملنے جاتی ہوں، میں تو اکثر ان سے کہتی ہوں کہ ہم تو صرف سڑکوں پر ہی ملتے ہیں۔گھر تو بس نام کے لیے ہے۔‘
بی بی سی نے ثانیہ سے شعیب کے بارے میں پوچھا کہ کیا شعیب بہتر شوہر ہیں یا پھر ایک بہتر کرکٹر؟
ثانیہ کا کہنا تھا: ’بطور شوہر اور بطور کرکٹر شعیب بالکل مختلف ہیں۔ کرکٹ کے میدان پر شعیب سے ذرا بھی صبر نہیں ہوتا، انھیں ہمیشہ گیند کو مارنے کی جلدی رہتی ہے لیکن بطور شوہر ان میں اتنا تحمل اور صبر ہے کہ آدمی ان کے صبر سے پاگل ہو جائے۔‘
سٹار کھلاڑی نے کہا ’میرے سُسر کا انتقال ہو چکا ہے۔ میری ساس زندہ ہیں۔ اگرچہ میں پاکستان زیادہ نہیں جا پاتی لیکن میری ساس بہت اچھی ہیں۔ گذشتہ سال وہ بھارت بھی آئی تھیں۔ وہ اس بات کو بھی سمجھتی ہیں کہ میں کس قدر مصروف رہتی ہوں۔ میں اکثر ان سے فون پر بات کرتی ہوں۔‘
جب بی بی سی نے ثانیہ سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی ساس کبھی یہ پوچھتی ہے کہ وہ ماں کب بننے والی ہیں؟
ثانیہ نے بتایا: ’میری ساس تو کبھی مجھ سے یہ نہیں پوچھتیں کہ میں بچے کب پیدا کر رہی ہوں، لیکن ہاں دوسرے لوگ ضرور مجھ سے یہ سوال کرتے ہیں۔‘
ثانیہ نے مزید کہا کہ ’لوگوں کا یہ سوال مجھے بہت ہی عجیب و غریب لگتا ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر لوگ کس طرح یہ سوال پوچھ سکتے ہیں؟ لوگ کہتے ہیں کہ اب تو آپ کی شادی کو چار سال ہو گئے ہیں آپ کے بچے کب پیدا ہوں گے ؟ شکر ہے کہ میری ساس ایسی نہیں ہیں۔‘