دبئی: پاکستان کی شکست، سیریز برابر

Image caption اسد شفیق 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 92 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں517 رنز بنائے اور یوں جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 418 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم میچ کے چوتھے دن 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو پہلے سیشن میں جنوبی افریقی بولروں کو مزید کوئی کامیابی حاصل نہیں کرنے دی۔

ان دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 197 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ مصباح الحق کے 88 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہونے پر ہوا۔ وہ الگر کی گیند پر سلپ میں کیچ ہوئے۔

اس اہم شراکت میں ان کا ساتھ دینے والے اسد شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی اور وہ 130 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری پاکستانی بلے باز تھے۔

ان دونوں کے علاوہ دیگر پاکستانی بلے بازوں میں سے کوئی بھی بڑا سکور نہ کر سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں عمران طاہر اور ڈومینی تین، تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ عمران طاہر نے اس میچ میں کُل آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل تھی۔ پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

اسی بارے میں