ورلڈ ٹی 20: سپر 10 مرحلے میں پاکستان اور بھارت مدِمقابل

Image caption سپر ٹین مرحلے کا پہلا میچ 21 مارچ کو ڈھاکہ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

آئندہ سال سولہ مارچ سے چھ اپریل تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں ماضی کے برعکس اس بار بارہ کی بجائے سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سپر ٹین مرحلے کا پہلا میچ 21 مارچ کو ڈھاکہ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قواعد کے مطابق آٹھ اکتوبر 2012 کی درجہ بندی میں پہلی آٹھ ٹیمیں براہ راست سپر ٹیم مرحلے میں کھیلیں گی جبکہ دیگر ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی کوالیفانگ میچ اس سال 15 نومبر سے 30 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیش اور زمبابوے اپنی جگہ سپر ٹین مرحلے میں نہیں بنا سکی ہیں وہ 16 سے 21 مارچ تک کھیلے جانے والے پہلے راؤنڈ میں شرکت کریں گی۔ اس مرحلے میں کل آٹھ ٹیمیں دو گروپوں میں حصہ لیں گی۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش ہو گی جبکہ گروپ بی میں زمبابوے ہو گی اور ان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں کوالیفانگ مقابلوں میں شرکت کرنے والی دیگر تین تین ٹیمیں ہوں گی۔

سپر دس مرحلے کے گروپ

گروپ اے: سری لنکا، انگینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور گروپ بی میں پہلے پوزیشن پر آنے والی ٹیم

گروپ بی: ویسٹ انڈیز، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان اور گروپ اے میں پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم

دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز 23 مارچ کو اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا اور اسی دن پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔

اگر بنگلہ دیش سپرٹین مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ اپنے تمام میچ دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں کل 30 لاکھ ڈالر کے انعامات دیے جائیں گے جس میں فائنل کے فاتح کو 11 لاکھ جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر کی رقم ملے گی۔

خواتین ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے مقابلے 23 مارچ سے دو اپریل تک جاری رہیں گے اور اس میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اسی بارے میں