ناگ پور میں بھارت کی جیت، سیریز برابر

Image caption ویراٹ کوہلی نے اس سیریز میں دوسری سنچری سکور کی اور اخیر تک آ‎ؤٹ نہیں ہوئے

ناگ پور میں کھیلے جانے والے چھٹے ایک روزہ ميچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں دو دو سے برابری حاصل کر لی ہے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور آسٹریلیا نے چھ وکٹ کے نقصان پر 350 رنز سکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے ایک مشکل ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شکھر دھون نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے اچھی شروعات دی۔ روہت شرما 79 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شکھر دھون نے سنچری بنائی۔ وہ ایک سو دو گیندوں پر 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میچ کا سکور کارڈ

بھارت کی جیت کی بنیاد اگر چہ اوپنرز نے رکھ دی تھی لیکن ویراٹ کوہلی کی شاندار سنچری کی وجہ سے ایک بار پھر بھارت نے اس سیریز میں 350 سے زیادہ کا ہدف کامیابی کے ساتھ عبور کیا۔

اس سیریز میں یہ کوہلی کی دوسری سنچری تھی۔

Image caption آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی نے اب تک رواں سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں

ویراٹ کوہلی نے 66 گیند پر 115 رنز بنائے اور وہ اخیر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ جیت کے وقت ٹیم انڈیا کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جارج بیلی نے اور اچھی اننگز کھیلی۔ انھوں نے چھ چھکّوں اور تیرہ چوکوں کی مدد سے 156 رنز بنائے۔ انھوں نے اس سیریز میں تین نصف سنچری اور ایک سنچری کی بدولت سب سے زیادہ رنز سکور کیے ہیں۔

اس سے قبل تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے آنے والے بیٹس مین شین واٹسن نے 102 رنز بنائے۔

سات میچوں کی سیریز میں اب بھارت اور 2-2 سے برابر ہیں جبک دو میچ بارش کی نذر ہوگئے تھے۔

بھارت کو فتح سے ہمکنار کرانے والی اننگز کے لیے ویراٹ کوہلی کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں