سچن کی آخری سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان

Image caption سچن نے حال ہیں اپنا آخری رانجی ٹرافی میچ بھی کھیلا ہے

ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ سیریز بھارتی بلے باز سچن تندولکر کی آخری سیریز ہوگی اور وہ ممبئی میں دوسرے ٹیسٹ میں جو کہ ان کا دو سوواں ٹیسٹ بھی ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ کرکٹ کے کھیل کو الوداع کہیں گے۔

پندرہ رکنی ٹیم کے ارکان کے ناموں کا اعلان جمعرات کو ممبئی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔

رنجی ٹرافی میچ میں ممبئی کی ٹیم کی قیادت کرنے والے بولر ظہیر خان کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے اور سلیکشن کمیٹی نے بھونیشور کمار، امیش یادو اور ایشانت شرما پر ہی اعتماد کیا ہے۔

سپن بولنگ کے شعبے میں روی چندرن ایشون کے ساتھ ساتھ امت مشرا اور پرگیان اوجھا کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر بھی ٹیم میں جگہ بنا پانے میں ناکام رہے اور مرلی وجے اور چتیشور پجارا کو بطور اوپنر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ اجنكيا رہانے کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

رویندر جڈیجہ کو کندھے کی چوٹ کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا۔ بھارتی ٹیم کے فزيو نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد انہیں دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ چھ سے دس نومبر کے درمیان کولکتہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 نومبر کے درمیان ممبئی میں ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، شکھر دھون، مرلی وجے، چتیشور پجارا، سچن تندولکر، وراٹ کوہلی، آر ایشون، بھونیشور کمار، پرگیان اوجھا، امت مشرا، اجنكيا رہانے، امیش یادو، محمد سمیع، روہت شرما اور ایشانت شرما پر مشتمل ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو ٹیسٹ اور دو ون ڈے کی مختصر سیریز کے لیے بھارت پہنچ چکی ہے۔

اسی بارے میں