دبئی: دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی فتح

Image caption شاہد آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے چھبیس رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں

دبئی میں دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 66 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن مہمان ٹیم 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

دبئی ون ڈے کی تصاویر

جمعہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بلے باز ایک مرتبہ پھر ایک بڑے مجموعے تک پہنچے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابلِ ذکر اننگز نہ کھیل سکا۔

احمد نے سیریز میں لگاتار دوسری نصف سنچری بنائی اور پہلے محمد حفیظ اور پھر کپتان مصباح الحق کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔

مصباح الحق نے اس دوران رواں برس ایک روزہ میچوں میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلارن نے چار، مارکل نے تین جبکہ عمران طاہر اور پارنل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

210 رنز کے آسان ہدف کے باوجود جنوبی افریقہ کے بلے باز ابتدا سے ہی دباؤ میں رہے اور کوئی بھی بیٹسمین کھل کر نہ کھیل سکا۔

جنوبی افریقہ کے لیے ان کے بولر میکلارن 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی اور محمد عرفان نے تین، تین جبکہ سعید اجمل نے دو اور محمد حفیظ اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس میچ سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ اس نے شارجہ میں کھیلا گیا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے جیتا تھا۔

اسی بارے میں