پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین اور کئی اہم عہدیداروں کے بغیر

Image caption پی سی بی کے کئی اراکین کے معاہدوں کی تجدید نہ ہونے کے سبب کرکٹ بورڈ نہ صرف چیئرمین کے بغیر ہے بلکہ کئی اہم عہدیدار بھی کام نہیں کر رہے

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نجم سیٹھی کو کام سے روکے جانے اور عبوری نگراں کمیٹی کی معطلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت چیئرمین کے بغیر ہے جس کے نتیجے میں کئی اہم عہدوں پر فائز افسران کے ختم ہونے والے معاہدوں کی تجدید نہیں ہو سکی ہے۔

موجودہ بحران کے سبب پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مجوزہ دورۂ جنوبی افریقہ بھی منسوخ ہوگیا ہے جس کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک خطیر رقم سے محروم ہونا پڑا ہے۔

نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت کی جانب سے اپیلوں کی سماعت پیر کے روز ہونے والی ہے ۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نجم سیٹھی کو کام سے روکنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے معطل چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے انہیں کام سے روکنے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کے کئی ملازمین کے معاہدوں کی تجدید نہیں ہو سکی ہے جو اکتیس اکتوبر کو ختم ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی بھی فارغ ہوگئی ہے کیونکہ سلیکٹرز سلیم جعفر اظہر خان اور فرخ زمان کے معاہدے بھی اکتیس اکتوبر تک تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ نہیں معلوم کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کون منتخب کرے گا اور وہ منتخب ہوگی بھی یا نہیں؟

نجم سیٹھی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم کا معاہدہ بھی ختم ہوگیا ہے جو ٹیم کے ساتھ اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہیں۔

نجم سیٹھی کے مطابق انتخاب عالم، ہارون رشید اور وسیم باری بھی اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازم نہیں رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جنوبی افریقہ کے مختصر دورے کی بات چیت کر رہا تھا جو تقریباً طے ہوگئی تھی اور انہوں نے جنوبی افریقی بورڈ سے صرف ایک دن کی مہلت مانگی تھی لیکن اس سے پہلے ہی عدالتی حکم کے سبب انہیں کام کرنے سے روک دیا گیا۔

اگر یہ دورہ ہو جاتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سے تقریباً سولہ کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی۔

اسی بارے میں