عبدالرزاق اور شعیب ملک کی پاکستانی ٹیم میں واپسی

Image caption عبدالرزاق کی ایک سال بعد ٹیم میں واپسی

پاکستانی سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے چودہ رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

محمد حفیظ ان مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ایک برس سے زیادہ عرصے سے پاکستانی ٹیم سے باہر رہنے والے آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

عبدالرزاق نےگزشتہ سال سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آخری بار پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد انہوں نے کپتان محمد حفیظ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

وہ تیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں تین سو تراسی رنز بنانے کے علاوہ بیس وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

ان کے علاوہ تجربہ کار شعیب ملک بھی ایک مرتبہ پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم سکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہیں اسی سال چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ وہ 53 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 880 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ سولہ وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

ٹیم میں واپسی کرنے والا تیسرا نام لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمان کا ہے۔

Image caption شعیب ملک کو رواں برس چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹوئنٹی میچ 13 اور 15 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی سکواڈ محمد حفیظ (کپتان)، ناصر جمشید، احمد شہزاد، عمر امین، عمراکمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، صہیب مقصود، عبدالرزاق، عبدالرحمان، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد عرفان اور جنید خان پر مشتمل ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سکواڈ کا انتخاب اظہر خان سلیم جعفر اور فرخ زمان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کیا جس کے معاہدے کی تجدید کی جا چکی ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے معاہدے اکتیس اکتوبر کو ختم ہوگئے تھے جن کی تجدید اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روکے جانے کے سبب نہیں ہو سکی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی اپنی ’ہوم سیریز‘ میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کر رہا ہے۔

اس کے پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز منعقد ہوئی جو ایک ایک سے برابر رہی۔

اس وقت دوسرے مرحلے میں ایک روزہ میچوں کی سیریز فی الوقت جاری ہے اور اب تک کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک میچ پاکستان اور ایک جنوبی افریقہ نے جیتا ہے۔

اسی بارے میں