جنوبی افریقہ نے میچ اور ایک روزہ سیریز جیت لی

Image caption سٹین نے پچیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو اٹھائیس رنز سے شکست دے کر میچ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بہتر آغاز فراہم کیا۔

تفصیلی سکور کارڈ

احمد شہزاد 43 رنز پر ڈی ویلیئرز کے تھرو پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا سکور 74 رنز تھا۔

شہزاد کے آؤٹ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی 85 رنز پر عمران طاہر کی گیند پر محمد حفیظ کلین بولڈ ہو گئے۔

اگلے ہی اوور میں اسد شفیق ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور صہیب مقصود میں 88 رنز کی قیمتی شراکت داری ہوئی۔

مقصود 56 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بیٹنگ لائن میں تبدیلی کرتے ہوئے سہیل تنویر کو کھیلنے کے لیے بھیجا گیا لیکن وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔

مصباح نے پینسٹھ رنز بنائے جبکہ عمر اکمل بائیس رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی آخری امید شاہد آفریدی تین رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر سٹین نے پچیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 266رنز بنائے جس میں کاک کوئنٹن کی سنچری بھی شامل ہے۔

کاک کوئنٹن نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 112 رنز بنائے اور جنید خان کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز میں دیگر کامیاب بلے بازوں میں ہشام آملہ نے 46 اور ڈی ویلیئرز نے 30 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور جنید خان نے دو دو جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی بارے میں