جنوبی افریقہ کی ایک سو سترہ رن سے جیت

شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ایک سو سترہ رن سے شکست دے دی ہے۔

اس سیریز میں پاکستان صرف ایک میچ جیت سکا۔

آخری میچ میں بھی پاکستانی بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

صہیب مقصود نے نصف سنچری تو بنائی لیکن وہ بھی کوئی بڑا سکور نہ کر سکے۔

پاکستان کی ابتدا ہی خراب رہی اور دونوں اوپنر حفیظ اور اظہر علی صرف آٹھ کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ عمر امین سترہ کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

تھوڑی دیر کے لیے مقصود اور مصباح نے ووکٹوں کے گرنے کے سلسلے کو روکا لیکن مصباح زیادہ دیر کھڑے نہ رہ سکے۔عمر اکمل نے اپنی روایت نہیں چھوڑی اور تیس رن پر آوٹ ہو گئے۔ ایک عرصے سے عمر اکمل بیس سے تیس رن کے درمیان آؤٹ ہو جاتے ہیں اور بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے بعد آفریدی آئے۔ جو نو رن بنا سکے اور اس کے ساتھ ہی مقصود بھی آؤٹ ہوئے تو ہار تقریباً یقینی ہو گئی۔

ایک سو اکتیس پر اجمل اور پھر ایک سو اکاون پر پوری ٹیم پویلین پہنچ گئی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو پندرہ رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ ان کی پندرہویں ایک روزہ سنچری تھی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے پاکستان کے خلاف شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کو جلد ہی اس وقت کامیابی ملی جب محمد عرفان نے ہاشم آملہ کو تین کے انفرادی سکور پر آؤٹ کردیا۔

پاکستان کو دوسری کامیابی 54 کے مجموعی سکور پر ڈی کوک کی وکٹ کی صورت میں ملی۔ ان کو چونتیس کے انفرادی سکور پر سعید اجمل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

ڈومنی صرف دو رنز ہی بنا سکے اور ان کو محمد حفیظ نے آؤٹ کیا۔ ڈو پلیسی نے عمدہ بیٹنگ کی اور 46 رنز بنائے اور ان کو جنید خان نے آؤٹ کیا۔

سعید اجمل نے اپنی دوسری وکٹ ملر کا کیچ پکڑ کر لی۔ ملر نے پندرہ رنز بنائے۔

میکلیرن ستائیس رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ پیٹرسن دو کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تین، جنید خان نے دو، اور عرفان اور حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ نے فاسٹ باؤلروں ڈیل سٹین اور مورنے مورکل اور سپنر عمران طاہر کو آرام دینے کی غرض اس سے میچ میں نہیں کھلایا۔

پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے اور آؤٹ آف فارم مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کی جگہ عمر امین کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنوبی افریقہ پہلے ہی پانچ روزہ میچوں کی سیریز میں تین میچ جیت کر سیریز اپنے نام کروا چکا ہے۔

اسی بارے میں