جنوبی افریقی دورے کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان

Image caption جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں

نومبر کے آخر میں جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کے مختصر دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تیز بولر محمد عرفان کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہو جانے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اس دورے میں پاکستان دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ پہلا میچ 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی حالیہ سیریز کے تین ون ڈے میچوں میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔

ان کی جگہ ٹیم میں دو نئے بالروں بلاول بھٹی اور انور علی کو سکواڈ میں شامل کیا گيا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

Image caption متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں پاکستان کو جنوبی افریقہ نے دو صفر سے شکست دی

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف یو اے ای میں گرچہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابری پر ختم کرنے میں کامیاب رہی تھی لیکن ون ڈ ے میں اسے 1-4 سے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف جو حالیہ ہزیمت اٹھانی پڑی ہے مبصرین کی نظر میں اس کی وجہ بیٹنگ رہی ہے تاہم بلے بازی کے شعبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور ٹیم میں جو دو تبدیلیاں ہوئی ہیں وہ بالنگ کے شعبے میں ہے۔

ٹیم اس طرح ہے: مصباح الحق (ون ڈے کپتان)، محمد حفیظ (ٹی ٹوئنٹی کپتان)، احمد شہزاد، عمر اکمل (وکٹ کیپر)، عمر امین، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، شعیب ملک، شعیب مقصود، سہیل تنویر، انور علی، جنید خان، اجمل سعید، عبدالرحمن، ناصر جمشید، اسد شفیق اور بلاول بھٹی۔

اسی بارے میں