عبدالرزاق اور شعیب ملک ان فٹ

Image caption جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی میں دونوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عبدالرزاق اور شعیب ملک ان فٹ ہونے کے سبب جنوبی افریقہ کے دورے سے وطن واپس آ رہے ہیں۔

دونوں کو متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جس کے بعد یہ دونوں جنوبی افریقہ کے دورے میں کھیلی جانے والی دو میچوں کی سیریز کے لیے بھی ٹیم میں برقرار رکھے گئے تھے۔

یومیہ اجرت کے قابل یہ کرکٹرز

عبدالرزاق کو ہیم سٹرنگ کی تکلیف ہے جبکہ شعیب ملک کی انگلی زخمی ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عبدالرزاق اور شعیب ملک کو ٹیم میں منتخب کیے جانے پر کرکٹ کے حلقوں نے سخت حیرانی ظاہر کی تھی اس کی وجہ دونوں کرکٹروں کی غیرمتاثر کن کارکردگی تھی جس کے سبب وہ پاکستانی ٹیم سے باہر ہوئے تھے۔

ٹیم میں واپس آنے کے بعد بھی جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی میں دونوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔

شعیب ملک نے پہلے میچ میں 12 رنز بنائے جبکہ بولنگ نہیں کی، دوسرے میچ میں انہوں نے 15 رنز بنائے اور ایک اعشاریہ دو اوورز میں 12 رنز دیے۔

عبدالرزاق پہلے میچ میں دس رنز بنا پائے جب کہ دوسرے میچ میں ایک اوور میں 14 رنز دینے کے بعد وہ پہلی ہی گیند پر عمران طاہر کی گگلی پر بولڈ ہوگئے۔

عبدالرزاق گذشتہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیم سے باہر ہوئے تھے جس کا ذمے دار انہوں نے کپتان محمد حفیظ کو ٹھہرایا تھا۔

دونوں کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا معاملہ اس لیے اہمیت کا حامل ہے کہ یہ دونوں متحدہ عرب امارات ہی میں ان فٹ ہوئے لیکن اس کے باوجود ٹیم مینیجمنٹ نے ان کی فٹنس سے متعلق کرکٹ بورڈ کو مطلع نہیں کیا اور یہ دونوں جنوبی افریقہ بھی ٹیم کے ساتھ گئے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ فاسٹ بولر جنید خان بھی فٹ نہیں ہیں۔

اسی بارے میں