کرکٹ کے’بھگوان‘ کی شاید اب پوجا شروع ہو جائے

Image caption سچن تندولکر نے بین الاقوامی کرکٹ میں سو سنچریوں کا منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے

بھارت کے کرشماتی کرکٹر سچن تندولکر کو بعض لوگ پہلے سے ہی کرکٹ کا بھگوان کہتے چلے آ رہے تھے لیکن اب شاید ان کی پوجا بھی شروع ہو جائے۔

بھارت کی شمالی ریاست بہار سے ہمارے نامہ نگار امرناتھ تیواری نے خبر دی ہے کہ ایک مقامی زبان کے فلم سٹار منوج تیواری نے سچن تندولکر کے نام سے مندر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ مندر عوام کے لیے آئندہ سال کھولا جائے گا۔

تندولکر نے گذشتہ ہفتے بین الاقوامی کرکٹ سے دو سو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

سچن کو اسی دن بھارت کے سب سے بڑی شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ سے نوازا گیا۔

بھوج پوری فلموں کے معروف اداکار منوج تیواری نے پورے رسم و رواج اور پوجا کے ساتھ تندولکر کی پانچ فٹ چھ انچ کی مورتی کا افتتاح کیا۔

سچن تندولکر کا یہ مندر اتر پردیش سے متصل بہار کے بھبھوا ضلعے کے اترولیا گاؤں میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔

سچن کی مورتی نیلی جرسی میں ملبوس ہے اور ان کے ہاتھ میں کرکٹ کے عالمی کپ کی شبیہ ہے۔ یہ مورتی سنگ مرمر کی ہے۔

Image caption گذشتہ دنوں ایک فنکار نے سمندر کے کنارے تندولکر کو اس طرح پیش کیا

چھ ہزار مربع فٹ پر مبنی اس مندر کی تعمیر پر 70 لاکھ روپے خرچ آئے گا۔

اطلاعات کے مطابق تندولکر کے اس مندر میں ان کے علاوہ بھارت کے موجودہ کپتان مہندر سنگھ دھونی اور سٹار کرکٹر یوراج سنگھ کے مجسمے بھی لگائے جائیں گے۔

منوج تیواری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مندر کی تعمیر مکمل ہوجانے کے بعد ان کی خواہش ہے کہ اس کا افتتاح تندولکر کریں۔

انھوں کہا: ’جب بھارت نے سنہ 2011 میں کرکٹ کا عالمی کپ جیتا تھا اسی وقت میں نے اپنے گاؤں میں اس مندر کی تعمیر کا فیصلہ کیا تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس مندر کے ذریعے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو یہ موقع ملے گا کہ وہ ان کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کر سکیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’بھارت میں یہ کرکٹر کسی دیوتا سے کم نہیں ہیں۔‘

تندولکر کے پاس کئی عالمی ریکارڈز ہیں جن میں سب سے زیادہ میچوں، رنز اور سنچریوں کے ریکارڈ نمایاں ہیں۔

اسی بارے میں