برسبین: پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا فاتح

Image caption مچل جانسن دوسری اننگز میں سب سے کامیاب آسٹریلوی باؤلر رہے

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں آسٹریلیانے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دے دی ہے۔

برسبین میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے دن 561 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ کی صرف دو وکٹیں گری تھیں۔ انگلینڈ کو تیسرا نقصان کیون پیٹرسن کی وکٹ کی صورت میں ہوا جنہیں 26 کے انفرادی سکور پر مچل جانسن نے کیچ کروایا۔

کپتان الیسٹر کک نصف سنچری بنانے کے بعد نیتھن لیون کی پہلی وکٹ بنے۔

بعد میں آنے والے بلےباز پہلی اننگز کی طرح ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف ایئن بیل کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل ہو سکا۔

Image caption آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے دوسری اننگز میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 24ویں سنچری بنائی تھی

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے پانچ، نیتھن لیون اور ریان ہیرس نے دو، دو جبکہ پیٹر سڈل نے ایک ایک وکٹ لی۔

آسٹریلیا نے ٹیسٹ کے تیسرے دن چائے کے وقفے کے بعد اپنی دوسری اننگز 401 رنز پر ڈیکلیئر کر دی اور یوں اسے انگلینڈ پر 560 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی خاص بات ڈیوڈ وارنر اور کپتان مائیکل کلارک کی سنچریاں تھیں۔ ان دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 158 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 295 رنز بنائے تھے اور پھر آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلروں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے انگلستان کی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 136 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔

یہ گزشتہ دس ماہ کے دوران کھیلے گئے سات ٹیسٹ میچوں میں بھارت اور پھر انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلیا کی کسی ٹیسٹ میں پہلی فتح ہے۔

واضح رہے کہ یہ ایشز سلسلے کی جوابی ٹیسٹ سیریز ہے۔ اس سے قبل رواں سال اگست میں انگلینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین صفر سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں