پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 23 رنز سے ہرا دیا

Image caption انور علی نے 43 رنز بنائے اور دو کھلاڑی آؤٹ کیے

کیپ ٹاؤن میں ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 23 رنز سے ہرا دیا۔

پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیلس نے 50 اور ڈدمنی نے 49 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، انور علی اور سیعد اجمل نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس سے پہلے پاکستان کی اننگز میں نمایاں بلے باز انور علی رہے جنھوں نے 43 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے بلاول بھٹی نے 39 رنزبنائے۔

جنوبی افریقہ کے بالر سٹین اور مورکل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

آخری ٹی 20 ٹوئنٹی جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں اس میچ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور جہاں عمر امین کی جگہ ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے لی ہے وہیں انور علی سہیل تنویر کی جگہ کھیلے۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کیا جن کا یہ پہلا ایک روزہ میچ تھا۔

اس میچ کے لیے جنوبی افریقی ون ڈے ٹیم میں آل راؤنڈر ژاک کیلس کی تقریباً دو برس بعد واپسی ہوئی۔

جنوبی افریقہ نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پاکستان کو چار ایک سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی ٹیم دو ٹی 20 اور تین ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے مختصر دورے پر جنوبی افریقہ میں ہے۔

جمعے کو دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کی تھی۔

بارش سے متاثرہ پہلا ٹی 20 جنوبی افریقہ نے ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت 4 رنز سے جیتا تھا۔

اسی بارے میں