پورٹ الزبتھ: دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کی فتح

Image caption جنید خان نے 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ کسی ایک روزہ سیریز میں جنوبی افریقہ کو ہرانے میں کامیاب ہوئی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسرے ون ڈے کی تصاویر

بدھ کو پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

بارش کی وجہ سے یہ میچ 45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں احمد شہزاد کی سنچری کی بدولت 262 رنز بنائے۔

احمد شہزاد نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔

ان کے علاوہ صہیب مقصود اور عمر اکمل نے بیالیس، بیالیس رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین نے چھ وکٹیں لیں جو کہ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلے ہاشم آملہ اور ڈی کاک اور پھر آملہ اور کپتان ڈی ویلیئرز کی اہم شراکت کی بدولت یوں لگتا تھا کہ جنوبی افریقہ باآسانی یہ میچ جیت جائے گا۔

تاہم آخری دو اوورز میں سعید اجمل اور جنید خان کی نپی تلی بالنگ نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میزبان ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز ہی بنا سکی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 98 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ ڈی ویلیئرز نے 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کے لیے جنید خان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ سنیچر کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں