’2014 کے عالمی کپ کے لیے تین سٹیڈیم تیار نہیں ہوں گے‘

Image caption گذشتہ ماہ سائو پالو کے سٹیڈیم میں ایک حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کا کہنا ہے کہ 2014 میں برازیل میں فٹبال کے عالمی کپ کے لیے تین سٹیڈیم وقت پر تیار نہیں ہو سکیں گے۔

فیفا نے اس عالمی کپ کے لیے سٹیڈیمز کی تیاری کے لیے 31 دسمبر حتمی تاریخ مقرر کی تھی۔

کویابا میں ارینا پنتنال، کوراتیبہ میں ارینا دا بائے شاڈا اور سائو پالو کا ارینا کورنتھیئنز، تینوں سٹیڈیمز کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے اور فیفا کے مطابق یہ وقت پر تیار نہیں ہوں گے۔

گذشتہ ماہ سائو پالو کے سٹیڈیم میں ایک حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فیفا کے صدر سیپ بلیٹر کا کہنا تھا کہ ’ہم متاثرہ افراد کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔ ہمیں انسانی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ سائو پالو کا سٹیڈیم افتتاحی تقریب کے لیے تیار ہو جائے گا۔

تاہم سیپ بلیٹر کا کہنا تھا کہ سٹیڈیمز کی تیاریوں میں اس قدر معمولی مسائل ہیں کہ اب ہم ’اپنی آنکھیں بند کر سکتے ہیں۔‘

ارینا پنتنال میں 43000 شائقین کی گنجائش ہے اور اس کے اوپر چھت لگانے کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

فیفا کے جنرل سیکریٹری جروم ویلکی کا کہنا ہے کہ تمام سٹیڈیم فروری تک تیار ہو جائیں گے۔

Image caption ’ہم ابھی ہنگامی صورتحال میں نہیں ہیں اور سائو پالو کے متبادل پر غور نہیں ہو رہا‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معلوم نہیں کہ حادثے کے بعد سائو پالو میں کام دوبارہ کب شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ابھی ہنگامی صورتحال میں نہیں ہیں اور سائو پالو کے متبادل پر غور نہیں ہو رہا تاہم کوراتیبہ میں سب سے زیادہ مسائل درپیش ہیں اور یہ فروری 2014 سے پہلے تیار نہیں ہو سکے گا۔

’پیر کے روز کوراتیبہ کے لوگوں نے اجلاس میں شرکت کی جس میں انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سٹیڈیم کو فروری کے اختتام تک تیار کرنے کے لیے خود کو منظم کریں گے۔‘

12 جون کو سائو پالو میں شروع ہونے والے آئندہ سال کے ٹورنامنٹ کے لیے میچوں کی قرعہ اندازی جمعے کے روز ہونی ہے۔

اسی بارے میں