بلاول بھٹی کو دبئی ایئر پورٹ پر روک لیاگیا

Image caption بلاول بھٹی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ساتھ جمعرات کی صبح دبئی پہنچے تھے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر بلاول بھٹی کو ویزا نہ ہونے کے سبب دبئی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا اور وہ ٹیم کے ساتھ باہر نہ نکل سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ان کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور توقع ہے کہ وہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں دبئی ایئرپورٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔اس وقت انھیں دبئی ایئرپورٹ کے ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔

بلاول بھٹی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ساتھ جمعرات کی صبح دبئی پہنچے تھے جہاں معلوم ہوا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا ویزا پہلے ہی استعمال کرچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹی نے یہ ویزا غلط فہمی کی بنا پر جنوبی افریقہ سے براستہ دبئی پاکستان آتے ہوئے استعمال کرلیا تھا وہ اس وقت یہ سمجھے تھے کہ یہ ٹرانزٹ ویزا ہے اور اب جب وہ دوبارہ ٹیم کے ساتھ دبئی پہنچے تو انھیں ویزا نہ ہونے کے سبب ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔

غور طلب بات یہ ہے کہ بلاول بھٹی نے ویزا استعمال ہونے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع نہیں کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم آٹھ دسمبر کو افغانستان کے خلاف شارجہ میں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 11 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس سیریز میں دو ٹی ٹوئنٹی پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔

اسی بارے میں