جوہانسبرگ: بھارت کی 141 رنز سے شکست

Image caption جنوبی افریقہ کے اوپنروں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 141 رنز سے شکست دے دی۔

میزبان ٹیم کے 359 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 41 اوور میں 217 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی طرف سے شیکھر دھون اور روہت شرما پہلے میدان میں اترے، لیکن یہ جوڑی چھٹے اوور میں اس وقت ٹوٹ گئی جب مورني موركل کی گیند پر شیکھر دھون نے كاك کے ہاتھ میں کیچ تھما دیا۔انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں میں 12 رنز بنائے۔

روہت شرما کا ساتھ دینے وراٹ کوہلی آئے۔ کوہلی بھی اچھا کھیل رہے تھے لیکن رائن میك لیرین کی گیند پر کیلس کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کا انفرادی سکور 35 گیندوں پر 31 رنز رہا۔

کوہلی 60 رنز کے اجتماعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ یوراج سنگھ بنا کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما ملر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ وہ 43 گیندوں پر صرف 18 رنز ہی بنا سکے۔

اس کے بعد سریش رائنا اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ بھارت کا سکور 108 رنز پر پہنچا ہی تھا کہ رائنا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد باری تھی رویندر جڈیجا کی۔ انھوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ چوكوں کی مدد سے 30 گیندوں میں 29 رنز بنائے۔ کیلیس نے انھیں 158 رنز کے اجتماعی سکور پر آوٹ کیا۔

جڈیجا کے بعد دھونی کا اشون نے ساتھ دیا جنھوں نے چار چوكوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔

اشون کو میك لیرین کی گیند پر كاك نے کیچ کیا۔

بھونیشور کمار آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے۔ وہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کپتان دھونی نے اننگز کو سنبھالا دینے کی بہت کوشش کی، لیکن جب ڈیل سٹین بولنگ کرنے آئے تو دھونی 41 ویں اوور میں 65 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آخری کھلاڑی محمد شامی تھے جنھیں سٹین نے 217 رنز کے مجموعی سکور پر آوٹ کر دیا۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کونٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 152 رنز بنائے۔

Image caption کونٹن ڈی کاک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 رنز بنائے اور مین آف دا میچ کے مستحق ٹھہرے

کونٹن ڈی کاک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے اے بی ڈویلیئر اور ڈمنی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں صرف 45 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے بالترتیت 77 اور 58 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین اور وراٹ کوہلی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ میچ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

اس سے پہلے بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز دو ایک سے جیتی تھی جبکہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز میں جنوبی افریقہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسی بارے میں