ایڈیلیڈ ٹیسٹ :انگلینڈ کو مشکلات کا سامنا

Image caption آسٹریلیا کو جیت کے لیے چار وکٹیں درکار ہیں اور ان کی انگلینڈ پر ابھی 284 رنز کی برتری باقی ہے

ایڈیلیڈ میں دوسرے ایشز ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 247 رنز بنائے ہیں اور اس کے چھ کھلاڑی آوٹ ہو چکے ہیں۔

آسٹریلیا کو جیت کے لیے چار وکٹیں درکار ہیں اور ان کی انگلینڈ پر ابھی 284 رنز کی برتری باقی ہے۔

اس وقت کریز پر میٹ پرائر اور سٹوئرٹ براڈ موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 31 اور 22 رنز بنائے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اتوار کو میچ کے چوتھے دن انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایلسٹر کک اور کاربیری نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف ایک رن کے مجموعی سکور پر ایلسٹر کک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کو 20 رنز کے مجموعی سکور پر دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کاربیری 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر جو روٹ اور کیون پیٹرسن نے 111 کی شراکتداری کی۔ پیٹرسن 53 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ جو روٹ نے 87 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن، رائن ہیرس، نیتھن لیون اور سٹیون سمیتھ نے دوسری اننگز میں ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پیٹر سڈل نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس سے پہلے اتوار کو میچ کے چوتھے دن کا کھیل شروع ہونے سے قبل آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نےگزشتہ روز کے مجموعی سکور 137 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 530 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔

آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 398 رنز کی سبقت ہوئی اور اگر آسٹریلوی ٹیم چاہتی تو انگلینڈ کو فالو آن پر مجبور کر سکتی تھی لیکن اس نے ایسا نہیں کیا اور دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز ایک وکٹ پر 35 رنز سے شروع کی تو اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے وکٹ گرتی رہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ائین بیل نے 72 اور کاربیری نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 172 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انگلش ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا اور اس کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے سات، نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور شین واٹسن نے پہلی اننگز میں ایک ایک وکٹ لی۔

جمعرات سے شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے کپتان مائیکل کلارک اور بریڈ ہیڈن کی سنچریوں کی بدولت اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

اسی بارے میں