پاکستان سری لنکا پہلا ون ڈے بدھ کو

Image caption پاکستانی ٹیم کا اسوقت سب سے بڑا مسئلہ غیرمستقل مزاج بیٹنگ ہے

ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنےکا موقع گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم اب ون ڈے سیریز میں سری لنکا کے مقابل ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے لیکن دونوں ٹیموں کی توجہ عالمی رینکنگ پر زیادہ نہیں ہے کیونکہ سیریز کا نتیجہ کچھ بھی نکلے پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار رہے گی البتہ کامیابی کی صورت میں سری لنکن ٹیم چوتھے سے تیسرے نمبر پر آجائے گی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر مصباح الحق کے ہاتھ میں ہے جو جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے والے برصغیر کے پہلےکپتان بنے ہیں۔

مصباح الحق اس سال انفرادی کارکردگی میں بھی نمایاں رہے ہیں۔ وہ انتیس ون ڈے انٹرنیشنل میں تیرہ نصف سنچریوں کی مدد سے بارہ سو تیئس رنز بنا چکے ہیں اور اس سال ون ڈے میں ویرات کوہلی کے سب سے زیادہ بارہ سو اڑسٹھ رنز کے ریکارڈ سے آگے نکلنے کے لیے انہیں صرف چھیالیس رنز درکار ہیں۔

پاکستانی ٹیم کا اسوقت سب سے بڑا مسئلہ غیرمستقل مزاج بیٹنگ ہے۔

محمد حفیظ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلتے ہوئے ڈیل اسٹین کے سامنے مسلسل بے بس دکھائی دیے ہیں ۔متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کے پانچوں میچوں میں وہ ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کرسکے اور جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے دو میچوں میں ناکامی کے بعد وہ تیسرے میچ سے باہر کردیے گئے۔

Image caption دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری سےشرجیل خان میں اعتماد آیا

صہیب مقصود اور شرجیل خان بیٹنگ لائن میں باصلاحیت بیٹسمین کے طور پر شامل ہوئے ہیں۔ ہے البتہ صہیب مقصود پہلے دو ون ڈے میچوں میں نصف سنچری کے بعد بڑے سکور کی تلاش میں ہیں۔

اسد شفیق اور عمراکمل ون ڈے میں بھی کب بڑی اننگز کھیلیں گے؟ یہ انتظار خاصا طویل ہوچکا ہے۔ اوپنر احمد شہزاد نے جنوبی افریقہ کے خلاف شارجہ اور دبئی میں نصف سنچریاں بنانے کے بعد پورٹ الزبتھ میں سنچری اسکور کی ہے پاکستانی ٹیم ایک بڑے اسکور کے لیے مصباح الحق کے بعد انہی کی طرف دیکھ رہی ہے۔

سری لنکن بیٹنگ لائن تجربہ کار کمارسنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے ساتھ نوجوان کوشل پریرا۔ چندی مل اور کرونا رتنے پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی بولنگ سری لنکا کے مقابلے میں زیادہ متنوع ہے لیکن سری لنکن بولرز لستھ مالنگا کولاسیکرا اور اجانتھا مینڈس پاکستانی بیٹسمینوں کی کمزوریوں سے پورا پورا فائدہ اٹھانا جانتے ہیں۔

اسی بارے میں