جوہانسبرگ میں ورات کوہلی کی عمدہ بلے بازی

Image caption وراٹ کوہلی نے اپنی اننگز میں 14 چوکے لگائے ہیں

جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر بھارت نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچپن رن بنائے تھے۔

کھیل ختم ہونے پر کپتان دھونی اور اجنکیا رہانے کریز پر موجود تھے۔ رہانے نے تینتالیس اور دھونی نے ستائیس رن بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو مرلی وجے اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 17 رنز کے مجموعی سکور پر شیکھر دھون 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بھارتی ٹیم کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 24 رنز کے مجموعی سکور پر مرلی وجے بھی چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ورات کوہلی نے بھارتی ٹیم کو سنبھالا دیا اور سنچری سکور کی۔ تاہم ان کا ساتھ دینے والے پجارا اور روہت شرما زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔

کوہلی خود 18 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین، فلینڈر ، کیلس اور مورنی مورکل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان سنچورین میں کھیلا جانے والے تیسرا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 134 رنز اور جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 141 رن سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں