آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ پر جنوبی افریقہ کا راج

Image caption جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹیسٹ ٹیموں کی درجہ بندی میں بھی پہلے نمبر پر ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی جاری کی ہے جس کے مطابق بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی چھائے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے دو بلے باز کپتان مصباح الحق اور یونس خان پہلی دس پوزیشنوں میں آنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ سعید اجمل بولنگ کے زمرے میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق کرکٹ کی نئی ٹیسٹ درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈویلیرز 909 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ ہاشم آملہ 898 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح بولنگ کے شعبے میں بھی پہلے دونوں کھلاڑیوں کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ ڈیل سٹین 903 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ ورنن فلینڈر 898 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے پائیدان پر ہیں۔

آسڑیلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک 868 پوائنس کے ساتھ بلے بازوں تیسرے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا 866 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔

Image caption جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین ایک بار پھر بولروں میں اول نمبر پر آئے ہیں

ٹیسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے چندر پال 801 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے بلے باز راس ٹیلر اور بولرٹرینٹ بولٹ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دس درجوں میں جگہ بنائی ہے۔

نئی ٹیسٹ درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق 783 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، جنوبی افریقہ کے کپتان گراہم سمتھ 771 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بلے باز یونس خان اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہیں۔ یونس خان نے 769 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

بولروں میں تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سپنر رنگانا ہیراتھ، پاکستان کے سعید اجمل چوتھے، جب کہ بھارت کے اشون پانچویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے سپنر عبدالرحمٰن 11 ویں نمبر پر ہیں، جب کہ عمر گل 24ویں اور جنید خان 29 نمبر پر جگہ بنا پائے ہیں۔

اسی بارے میں