دبئی: پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست

Image caption سری لنکا نے 49.4 اوورز میں 285 رنز کا ہدف حاصل کیا

دبئی میں کھیلے جانے والے پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

دبئی میں پاکستان کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور جواب میں سری لنکا نے 285 رنز کا ہدف آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے کمارا سنگاکارہ نے 58 رنز، میتھوز نے 47 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 اور آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے پاکستان کی اننگز میں احمد شہزاد اور کپتان مصباح الحق کی کاکردگی نمایاں رہی۔

احمد شہزاد نے اس میچ میں سنچری سکور کی جبکہ دوسرے طرف کپتان مصباح الحق نے نصف سنچری بنائی۔ احمد شہزاد نے مجموعی طور پر ایک سو چالیس گیندوں پر ایک سو چوبیس رن بنائے۔

شاہد آفریدی کو اس مرتبہ بھی بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کر کے پہلے کھلایا گیا اور انھوں نے پندرہ گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے تیس رن بنائے۔

سری لنکا کے اٹیک بولر ملنگا نے اپنے دس اوور میں اٹھہتر رن دیے اور وہ صرف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس ڈے اینڈ نائٹ میچ میں دوسری اننگز میں بالنگ کرنے والی ٹیم کو اوس کی وجہ سے بولنگ کرنا مشکل ہو سکتا تھا اور شاید اسی لیے سری لنکا نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان نے تین سو بائیس رن بنائے تھے۔ اس مشکل ہدف کے باوجود سری لنکا صرف گیارہ رن سے یہ میچ ہارا تھا۔

Image caption شرجیل نے سیریز کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنائی تھی لیکن دوسرے میچ میں 7 رنز سکور کر سکے

سری لنکا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں کلوسیکرا کو سرنگا لکمل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ دیمتھ کرونارتنے، تھرمانے کی جگہ کھیلیے۔ تھرمانے نے ورزش کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کی وجہ سے سری لنکا ٹیم کو مجبوراً ان کی جگہ کرونارتنے کو کھلانا پڑا۔

پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور انھیں کھلاڑیوں کے ساتھ دبئی کے میدان میں اترے جنھوں نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں گیارہ رن سے کامیابی دلوائی تھی۔

پاکستان کی ٹیم: احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، مصباح الحق، عمر اکمل، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی، جیند خان، سہیل تنویراور سعید اجمل۔

سری لنکا کی ٹیم: دلشان، پریرا، سنگاکارا، چندی مل، میتھیو، کرونارتنے، سی پریرا ، سنانائیکے، ملنگا، پرسنا اور کالوسیکرا۔

اسی بارے میں