بھارت اور جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ پانچویں دن دلچسپ موڑ پر آکر ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ڈرا ہو گیا ہے۔

بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اتوار کو بھارت کے خلاف جیت کے لئے 458 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم 450 رن ہی بنا سکی جبکہ دو وکٹ اس کے ہاتھ میں بچے ہوئے تھے۔

میزبان ٹیم نے اتوار کو 138 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا لیکن 143 کے اسکور پر اس کی تیسری وکٹ پیٹرسن کی شکل میں جلد ہی گر گیا۔

اس کے بعد کیلس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 34 رنز بنا کر ظہیر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کیلس کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز 103 رن بنا کر ایشانت شرما کی گیند کا شکار بنے۔

ڈومني بھی پانچ رن بنا کر محمد شمي کی گیند پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔

پھر ڈو پلیسي جب تک پچ پر ٹکے رہے، جنوبی افریقہ کی جیت کی امیدیں زندہ رہیں لیکن رہانے نے انہیں 134 رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ کرا دیا۔

اس کے بعد آہستہ آہستہ میچ جنوبی افریقہ کی گرفت سے نکلتا گیا۔ فلینڈر 25 اور اسٹین چھ رن بنا کر آخر تک وکٹ پر ڈٹے ضرور رہے لیکن اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔

اسٹین نے میچ کی آخری گیند پر زوردار چھکا ضرور لگایا لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لئے اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

میزبان ٹیم نے سنیچر کو اپنی جارحانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی گیند بازوں کا جم کر مقابلہ کیا تھا اور پہلے وکٹ کے لیے کپتان اسمتھ اور پیٹرسن نے 108 رن بنائے تھے۔

ہفتہ کو جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ سمتھ کی شکل میں گری انہیں 44 رن کے ذاتی اسکور پر رہانے نے رن آؤٹ کیا۔

دوسری وکٹ ہاشم آملہ کی گری جو صرف چار رن بنا کر محمد شمي کی گیند کا شکار بنے۔

پیٹرسن 76 اور ڈو پلیسس 10 رنز بنا کر وکٹ پر ٹکے رہے تھے اور انہوں نے اتوار کو 138 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔

اس سے پہلے فتح کے لئے بھارت نے میزبان ٹیم کے سامنے 458 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بھارت نے دو وکٹ کے نقصان پر 284 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور ہفتہ کو اس کی اننگز 421 رن پر سمٹ گئی۔

چتیشور پجارا 153 رنز بنا کر کیلس کی گیند پر ڈوپليسس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

وراٹ کوہلی چار رن سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 96 کے اسکور پر جے پی ڈومني کی گیند پر اے بی ڈی ویلیرز کو کیچ تھما بیٹھے۔

کپتان دھونی اور ظہیر خان نے 29،29 رنز بنائے۔ دھونی کو فلینڈر نے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ظہیر ناٹ آؤٹ رہے۔

مرلی وجے نے 39، روہت شرما نے چھ، رہانے نے 15 اور ایشانت شرما اور محمد شمي نے چار، چار رنز بنائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

اسی بارے میں