فیلینڈر ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں سرفہرست

Image caption فیلینڈر نے نے صرف 19 میچوں میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لیں

جنوبی افریقی بولر ورنن فلینڈر آئی سی سی کی ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

انھوں نے اپنے ہی ہم وطن بولر ڈیل سٹین کی جگہ لی ہے جو گذشتہ چار سالوں سے ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر تھے۔

اٹھائیس سالہ فلینڈر نے بھارت کے خلاف جوہانسبرگ میں ڈرا ہونے والے ٹیسٹ میچ میں 129 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کارکردگی کے ساتھ ہی انھوں نے صرف 19 میچوں میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لیں اور وہ سب سے کم میچوں میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی افریقی بولر بن گئے۔

فلینڈر نے کہا کہ ’گذشتہ کئی سال ہماری ٹیم کے لیے بہترین رہے اور میں اپنی ٹیم کی میدان میں جیت میں کردار ادا کرنے کے لحاظ خوش قسمت رہا۔‘

گذشتہ موسمِ گرما میں انگلش کاؤنٹی کینٹ کے لیے کھیلنے والے فلینڈر نے کہا کہ ’میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ڈیل سٹین جیسے چیمپیئن کھلاڑی کے ساتھ باؤلنگ کرتا رہا ہوں۔یہ بات کرنے کی ضرورت نہیں کہ جیتنے والے ٹیم کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہترین کارکردگی اور کامیابی ہمیشہ آسان ہوتی ہے۔‘

ڈیل سٹین نے تیئس اعشاریہ سات کے اوسط سے 341 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وہ جولائی سنہ 2009 سے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر تھے جب انھوں نے سری لنکن سپنر مرلی دھرن کی جگہ لی تھی۔

ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پہلی پوزیشن پر ہے۔

جنوبی افریقہ کے ہی ابراہم ڈیویلیئرز ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلی جبکہ اسی ٹیم کے ہاشم آملہ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اسی بارے میں