میں نے ہاں کر دی ہے: ٹینس سٹار کیرولائن ووزنیاکی

Image caption روری مکلروئے اور کیرولائن ووزنیاکی ایک دوسرے کے ساتھ 2011 سے تعلق میں ہیں

گالف کھیلنے والے کھلاڑی روری مکلروئے اور ٹینس کی مشہور کھلاڑی کیروالائن ووزنیاکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ شادی کرنے والے ہیں۔

روری مکلروئے دو بار بڑے مقابلے جیت چکے ہیں اور ان کی عمر چوبیس برس ہے جبکہ سابق ٹینس عالمی نمبر ایک کیرولائن ووزنیاکی 23 بس کی ہیں۔

اس اعلان کے لیے دونوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا انتخاب کیا۔

مکلروئے نے دونوں کی ایک اکٹھے تصویر ٹویٹ کی اور لکھا ’تمام لوگوں کو نیا سال مبارک! مجھے احساس ہوتا ہے کہ یہ ایک بہترین سال ہو گا! 2014 کی میری پہلی فتح۔ انہوں (کیرولائن) نے ہاں کر دی ہے۔‘

دوسری جانب کیرولائن نے ٹویٹ کی کہ ’روری اور میں نے 2014 کا آغاز ایک دھماکے سے کیا۔ میں نے ہاں کر دی۔‘

شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے روری مکلروئے اور کیرولائن ایک دوسرے کے ساتھ 2011 سے تعلق میں ہیں اور انہیں پبلک میں اکثر اکٹھے دیکھا جاتا ہے۔

اپریل میں ووزنیاکی نے مکلروئے کے لیے ان کی گالف کی سٹکس اٹھانے کا فریضہ سر انجام جو عموماً گالف کے کھیل میں کیڈیز سر انجام دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ مکلروئے نے کیرولائن ووزنیاکی کو گالف کلب یعنی چھڑی تحفے میں دی جس پر ’ووزیلروئے‘ لکھا ہوا تھا۔

جب اس کلب کی تصویر کیرولائن نے ٹوئیٹ کی تو روری نے ان سے ٹوئٹر پر پوچھا ’میرا ریکٹ کہاں ہے؟‘ جس پر کیرولائن نے انہیں جواب دیا کہ ’آپ کا ریکٹ راستے میں ہے۔‘