ابوظہبی:یونس اور مصباح کی سنچریاں، پاکستان کی برتری 123 رنز

Image caption یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 23ویں سنچری مکمل کی ہے

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز یونس خان اور مصباح الحق کی سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم ایک مستحکم پوزیشن میں آ گئی ہے۔

کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے تھے اور یوں اسے سری لنکا پر 123 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسرے دن کا کھیل تصاویر میں

جب کھیل رکا تو اس وقت وکٹ پر اسد شفیق کے ساتھ کپتان مصباح الحق ٹیسٹ میچوں میں اپنی پانچویں سنچری مکمل کرنے کے بعد موجود تھے ۔

مصباح کے علاوہ تجربہ کار بلے باز یونس خان نے بھی سنچری بنائی۔ وہ 136 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 23ویں سنچری تھی۔

بدھ کو دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو مجموعی سکور میں صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ کی وکٹ کی صورت میں دوسرا نقصان اٹھانا پڑا۔

Image caption مصباح اور یونس نے 218 رنز کی شراکت قائم کی

حفیظ کو سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں عمدہ کارکردگی پر دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن وہ صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔

82 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے احمد شہزاد 38 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد مصباح اور یونس نے جم کر بلے بازی کی اور چوتھی وکٹ کے لیے 218 رنز کی شراکت قائم کی۔

سری لنکا کی جانب سے اب تک ارانگا نے دو جبکہ لکمل نے ایک وکٹ لی ہے۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بےبس دکھائی دیے تھے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم میچ کے پہلے ہی دن 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے پانچ، بلاول بھٹی نے تین اور سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

اسی بارے میں