ابوظہبی:پاکستانی برتری ختم مگر سلوا سنچری سے محروم

Image caption کوشل سلوا نے دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور 81 رنز بنائے

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا کو پاکستان پر سات رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

سری لنکا کی دوسری اننگز کی خاص بات کوشل سلوا اور سنگاکارا کی عمدہ بلے بازی تھی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے دن کا کھیل، تصاویر میں

ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں اور پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

جمعرات کو جب کھیل رکا تو سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لیے تھے۔

سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز کرونارتنے تھے جنھیں جنید خان نے بولڈ کیا۔

اس کے بعد سنگاکارا اور کوشال سلوا نے دوسری وکٹ کے لیے 99 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بلاول بھٹی نے سنگاکارا کو 55 کے سکور پر کیچ کروا کے کیا۔

سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز مہیلا جیاودرھنے دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے بلاول بھٹی کی دوسری وکٹ بنے۔

Image caption سنگاکارا نے دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی

آؤٹ ہونے والے چوتھے سری لنکن بلے باز کوشل سلوا تھے جو کھیل کے اختتامی لمحات میں جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم تیسرے دن پہلے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 383 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے سری لنکا پر 179 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

جمعرات کو جب مصباح الحق اور اسد شفیق نے اننگز دوبارہ شروع کی تو اسد شفیق زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ ان کے بعد پاکستانی لوئر آرڈر کے بلے باز بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔

کپتان مصباح الحق 135 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔ انھوں نے اس اننگز میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز یونس خان کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 218 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے اب تک ارانگا اور ہیراتھ نے تین، تین، لکمل نے دو جبکہ میتھیوز نے ایک وکٹ لی۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بےبس دکھائی دیے تھے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم میچ کے پہلے ہی دن 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اسی بارے میں