’شوماکر مقابلہ کرنے والے ہیں اور ہمت نہیں ہاریں گے‘

Image caption شوماکر کی صحتیابی کے لیے پیغامات دنیا بھر سے موصول ہو رہے ہیں جیسا کہ بھارتی فنکار سندرسن پٹنائک نے مائیکل شوماکر کے ریت سے بنے اس مجسمے کو ان کی صحتیابی کی دعاؤں کے ساتھ پوری کے ساحلِ سمندر پر بنایا ہے

فرانس میں سکیئنگ کے دوران شدید زخمی ہونے والے فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور مائیکل شوماکر کے خاندان نے ان کے مداحوں ک ے جذبات کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شوماکر کے خاندان نے انٹرنیٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم سب جانتے ہیں کہ وہ ایک مقابلہ کرنے والے ہیں اور وہ ہمت نہیں ہاریں گے۔‘

مائیکل شوماکر کو ان کے معالجین نے گرینوبل کے ہسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں رکھا ہوا ہے۔

آج مائیکل شوماکر کی پینتالیسویں سالگرہ ہے اور ان کی مینیجر نے کہا کہ وہ اب تک ایک مستحکم حالت میں ہیں۔

مائیکل شوماکر کو اتوار کو فرنچ الپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع میربل کے الپائن ریزورٹ میں سکیئنگ کے دوران سر پر چوٹ آئی تھی جب ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔ اس ٹکراؤ کے نتیجے میں ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا۔

منگل کو ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ شوماکر کی حالت میں بہتری کے اشارے ملے ہیں تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب بھی ان کی حالت ’خطرے سے باہر نہیں ہے۔‘

ڈاکٹروں نے آنے والے دنوں اور مہینوں میں مائیکل شوماکر کی حالت کے بارے میں تبصرہ کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔

تاہم یہ طبی طور پر ممکن ہے کہ کوئی مریض کئی ہفتے کومے میں گزارے اور پھر مکمل صحت یاب ہو جائے۔

Image caption مائیکل شوماکر کے مداح فیراری کی سرخ ٹوپیاں ان کے ہسپتال کے باہر اپنی دعاؤں کے ساتھ لکھ کر چھوڑ رہے ہیں

مائیکل کی صحت یابی کی دعاؤں کے پیغامات دنیا بھر سے موصول ہو رہے ہیں اور ان کے خاندان نے اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی جانب سے اظہارِ ہمدردی پر مائیکل کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

مائیکل کے خاندان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’دنیا بھر سے لوگوں نے اپنی ہمدردی کے اظہار کے پیغامات بھجوائے ہیں اور ان کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔‘

یہ بیان مائیکل کے خاندان کی جانب سے ان کی سالگرہ سے قبل جاری کیا گیا جو آج یعنی بروز جمعہ ہے۔

شوماکر کی ڈرائیونگ ٹیم نے مائیکل کے لیے ان کے ہسپتال کے باہر ایک شب بیداری کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

فیراری کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اٹلی اور فرانس سے مقامی فیراری کلب مائیکل کے لیے دعائیں اور تہنیت کے پیغامات دینے کے لیے بسوں پر گرینوبل سفر کریں گے۔

فیراری کے سربراہ ریناتو بیسینانی نے کہا کہ لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سرخ لباس پہنیں اور جھنڈے ہمراہ لائیں ’مائیکل سے قربت کے احساس کے طور پر‘ تاکہ یہ ایک بہت پر احترام طریقے سے ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شب بیداری فیراری کے نام کی تشہیر کی خاطر نہیں ہے اور یہ کہ وہ اس موقعے کی مناسبت سے اس کا احساس کریں گے۔

مائیکل شوماکر دوسری بار فارمولا ون سے 2012 میں ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ مائیکل شوماکر اپنے 19 سالہ کریئر میں سات بار فارمولا ون کار ریسنگ چیمپیئن رہ چکے ہیں اور اکانوے ریسز میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

اسی بارے میں