مشہور پرتگالی فٹبالر یوسیبیو انتقال کر گئے

Image caption یوسیبیؤ دا سلوا فریرا نے پرتگال کی جانب سے 64 میچ کھیلے جن میں انھوں نے 41 گول کیے

فٹبال کی دنیا میں لیجنڈ سمجھے جانے والے پرتگال کے معروف فٹ بالر یوسیبیو 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔

ان کی موت پر اظہار تعزیت کرنے والوں میں موجودہ دور کے فٹبال آئیکن کرسٹیانو رونالڈو پیش پیش تھے۔

یوسیبیؤ نے سنہ 1966 کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کیے تھے۔

ان کی پیدائش سنہ 1942 میں موزامبیق میں ہوئی۔ اس وقت یہ ملک پرتگال کا حصہ ہوا کرتا تھا۔

یوسیبیؤ دا سلوا فریرا نے پرتگال کی جانب سے 64 میچ کھیلے جن میں انھوں نے 41 گول کیے۔

سنہ 1966 میں انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں انھوں نے کل نو گول کیے تھے جن میں سے چار گول شمالی کوریا کے خلاف میچ میں کیے تھے۔

Image caption رونالڈو نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ تصویر ٹوئیٹ کی ہے

انھیں عالمی سطح پر ہر زمانے کے بہترین کھلاڑی میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ انھوں نے 745 پروفیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 733گول داغے۔

انھیں کھیل کی رفتار بڑھانے، تیزی کے ساتھ گول پر حملہ کرنے، چکمہ دینے، ڈربل کرنے کے لیے یاد کیا جاتا رہا ہے۔ انھیں ان کے بہترین کھیل کے لیے سنہ 1965 میں بہترین یورپی فٹبالر کے اعزاز سے نوازا گيا تھا۔

بنفیکا فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے انھوں نے سنہ 1962 میں یورپی کپ جیتا تھا۔ انھوں نے فٹبال کلب کے اپنے پندرہ سال کے کریئر میں 10 لیگ اور پانچ پرتگالی کپ میں جیت حاصل کی۔

وہ سنہ 1964 سے 1973 کےدوران پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔

عالمی کپ میں ان کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے پرتگال کو تیسری پوزیشن حاصل رہی تھی اور وہ سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ سے ہار گئی تھی۔

فٹ بال کے موجودہ کریز اور سٹرائکر کرسٹیانو رونالڈو نے ان کی موت کی خبر پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا: ’لازوال یوسیبیو، ریسٹ ان پیس۔‘

اسی بارے میں