’جیت کر جانا چاہتا ہوں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ ان کے دو سالہ دور کا اختتام سری لنکا کے خلاف جیت سے ہو تو انھیں بہت خوشی ہوگی۔

سری لنکا وہ ٹیم ہے جس نے 1996 میں ڈیو واٹمور ہی کی کوچنگ میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔

واٹمور نے مارچ 2012 میں پاکستان ٹیم کے کوچنگ کے فرائض سنبھالے تھے۔ اس دوران پاکستان نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے لیکن ان کے دور میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف انھیں کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں جیت قابل ذکر ہیں۔

واٹمور کے کوچنگ کریئر کی خاص بات 18 سال قبل سری لنکا کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنا ہے۔

واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے لیکن انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سری لنکا وہ ٹیم ہے جس کی میں نے چھ سال کوچنگ کی، اس ملک میں میں پیدا ہوا۔ ان میں سے بعض کھلاڑی میرے دوست ہیں لیکن جب ہم میدان میں اترتے ہیں تو ہم حریف ہوتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ اپنا دور جیت کے ساتھ ختم کروں۔‘

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گذشتہ ہفتے برابر ہوگیا تھا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی میں شروع ہوگا جب کہ تیسرا اور آخری میچ 16 جنوری سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

واٹمور کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم 20 وکٹیں حاصل کر لے تو وہ جیت سکتی ہے۔

پاکستان کی 179 رنز کی برتری پر واٹمور کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے آپ کے لیے 20 وکٹیں لینا ضروری ہے اور پھر اچھی بیٹنگ کریں۔ ہم مصباح الحق اور یونس خان کی سنچریوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور بڑی برتری حاصل نہیں کر سکے۔‘

پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے دوسری اننگز میں اپنے کریئر کا بہترین سکور 157 بنا کر سری لنکا کو شکست سے بچا لیا تھا۔

سری لنکا کے خلاف 49 اوورز کروانے کے باوجود سعید اجمل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جس کے بارے میں واٹمور کا کہنا تھا کہ یہ فکر کی بات نہیں۔

’میرے خیال میں یہ پریشانی کی بات نہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ انہیں وکٹ سے مدد نہیں مل رہی تھی اور دوسرا مخالف ٹیم اچھی بیٹنگ کر رہی تھی۔‘

پاکستان کو امید ہے کہ دبئی کی وکٹ ان کے سپنروں کے لیے مددگار ثابت ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ اس میچ میں سعید اجمل کے ہمراہ سپنر عبدالرحمان کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

اسی بارے میں