17 سالہ کریئر پر آرمی چیف کی شاہد آفریدی کے لیے شیلڈ

پاکستانی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے منگل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو انٹرنیشنل کرکٹ کریئر میں 17 سال خدمات کے اعزاز میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں آفریدی نے یادگاری شیلڈ پر فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے کہا: ’آرمی چیف سے ملاقات میرے لیے بہت ہی اعزاز کی بات ہے۔ اس ملاقات کے دوران جنرل راحیل شریف نے انٹرنیشنل کرئیر میں میری کارکردگی کو سراہا۔‘

واضح رہے کہ 17 سالہ ون ڈے انٹرنیشنل کریئر میں شاہد آفریدی نے 373 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 7516 رنز سکور کیے ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے 375 وکٹیں بھی لیں جب کہ 70 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1040 رنز بنائے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ شاہد آفریدی ٹیسٹ میچوں میں بھی نمایاں رہے ہیں۔ انھوں نے 27 میچوں میں شرکت کی اور مجموعی طور پر 1716 رنز سکور کیے اور 48 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سب سے تیز سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ 17 سال برقرار رہنے کے بعد اس ریکارڈ کو حال ہی میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کوری اینڈرسن نے توڑا ہے۔

اسی بارے میں