’میں بارسلونا کلب میں ہی ریٹائر ہونا چاہتا ہوں‘

بارسلونا کے فٹ بال کلب کے مشہور کھلاڑی لیئونل میسی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کریئر کا باقی ماندہ وقت بارسلونا فٹ بال کلب میں ہی گزارنا چاہتے ہیں۔

ارجنٹینا کے مِڈ فیلڈر نے زخمی ہونے کے باعث دو ماہ کے وقفے کے بعد کھیلے جانے والے میچ میں گیٹافی کے خلاف دو گول کیے۔

گیٹافی کے خلاف یہ میچ بارسلونا نے چار صفر سے جیت لیا تھا۔

لیئونل میسی کا کہنا تھا ’میں یہیں ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ چونکہ لوگ مجھے دیکھنا چاہتے ہیں، میں اپنا باقی کا تمام کریئر ایف سی بارسلونا میں گزارنا چاہتا ہوں۔‘

چھبیس سالہ لیئونل میسی نے اپنے کریئر کا آغاز بارسلونا کلب سے ہی کیا تھا۔ لیئونل میسی کے بارسلونا کے ساتھ کنٹریکٹ کی تجدید کے موقع پر کلب کے مالیاتی امور کے نائب صدر سے کچھ اختلافات سامنے آئے تھے جس کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ لیئونل میسی شاید بارسلونا کو چھوڑ دیں۔

اطلاعات کے مطابق بارسلونا کلب کے مالیاتی امور کے نائب صدر فاس کا کہنا تھا کہ وہ میسی کے کنٹریکٹ پر نظرثانی کے ذمہ دار نہیں ہیں جس میں 2018 تک توسیع کی گئی ہے۔ لیئونل میسی نے کلب کے مالیاتی امور کے نائب صدر فاس پر الزام عائد کیا کہ انہیں فٹ بال کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے۔

چار مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے میسی کے لیے 2013 چوٹوں کے باعث مشکلات کا سال رہا۔

حال ہی میں انہیں ریئل بیتس کلب کے خلاف میچ میں ران کی پٹھے میں تکلیف کی وجہ سے گراؤنڈ سے جانا پڑا تھا۔

پہلے تو ان کا علاج بارسلونا میں کیا گیا تاہم کرسمس سے قبل انہیں ارجنٹینا جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

انہوں نے کلب کے ٹیلی وژن چینل ای ون مارکاڈور کو بتایا کے ’کھیل کے لیے میرا جوش ہمیشہ قائم رہا ہے لیکن گزشہ دو ماہ بہت مشکل تھے۔‘

’ذہنی طور پر میں نے آرام کیا، میں خوش ہوں، اور اب اپنے مقاصد کے حصول کے لیے بہت پرجوش اور پُر امید ہوں۔‘

’میں اہداف کے حصول میں اپنی ٹیم کی مدد کے لیے ان کے ساتھ ہوں۔ مشکل مہینے ابھی آنے کو ہیں لیکن ہم اسی طرح لڑیں گے جیسے ہم نے اس کلب میں ہمیشہ کیا ہے۔‘

اسی بارے میں