ایشیا کپ: ’پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘

Image caption بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران ملاقات ہوئی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش نے انھیں 25 فروری سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی سے متعلق تمام خدشات دور کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی سیاسی جماعتوں نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ کرکٹ کو متاثر نہیں کریں گی۔

جماعت اسلامی کے رہنما کی جنگی جرائم کے الزام میں پھانسی کے بعد بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف جذبات میں اضافہ دیکھا گیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

پاکستانی اور بنگلہ دیش کے کرکٹ حکام کی کل آئی سی سی کے اجلاس کے دوران الگ سے ملاقات ہوئی جس میں یہ یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران ملاقات ہوئی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے: ’بی سی بی نے پی سی بی کو پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ آئی سی سی کے اجلاس میں بھی ایشیائی ممالک کے نمائندوں کو ایشیا کپ کی سکیورٹی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔‘

اسی بارے میں