دبئی: پاکستان کی برتری 107 رنز، تین وکٹ باقی

Image caption پاکستان کو سری لنکا پر 107 رنز کی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی تین وکٹیں باقی ہیں

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے ہیں۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سرفراز احمد اور سعید اجمل موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 70 اور سات رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کو سری لنکا پر 107 رنز کی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چوتھے دن کے کھیل کی خاص بات پاکستان کے ٹیل اینڈر بلے بازوں کی عمدہ بلے بازی تھی۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور بلاول بھٹی نے ساتویں وکٹ کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے پہلے سنیچر کو چوتھے دن یونس خان اور مصباح الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے دوسری اننگز میں 97 اور یونس خان نے 77 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کی شراکت قائم کی۔

سری لنکا کی جانب سے نووان پردیپ، رنگانا ہیرات اور ارنگا نے دو دو جب کہ لکمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکن بلے باز تیسرے روز ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف 70 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم 388 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز بنائے تھے۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں