دبئی: سری لنکا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے ہرا دیا

Image caption سری لنکا نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن سری لنکا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی جانب سے ڈی موتھ اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے دوسری اننگز میں ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 359 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور سعید اجمل نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

پاکستان کو 334 رنز کے مجوعی سکور پر آٹھواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب سرفراز احم اپنے کل کے سکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔

354 رنز کے مجوعی سکور پر پاکستان کی نویں وکٹ اس وقت گری جب راحت علی آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی آخری وکٹ 359 رنز پر گری جب سعید اجمل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں لکمال نے چار، نووان پردیپ، رنگانا ہیرات اور ارنگا نے دو دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور بلاول بھٹی نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے پہلے سنیچر کو چوتھے دن یونس خان اور مصباح الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے دوسری اننگز میں 97 اور یونس خان نے 77 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس سے قبل سری لنکن بلے باز تیسرے روز ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف 70 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم 388 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز بنائے تھے۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں