کرسچیانو رونالڈو سال کے بہترین فٹبالر

Image caption رونالڈو ایوارڈ وصول کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو نے فیفا کا بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔

اس ایوارڈ کا اعلان پیر کی شام سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔

فیفا ایوارڈز کی تصاویر

پرتگال کی ٹیم کے 28 سالہ کپتان کے ہمراہ اس ایوارڈ کی دوڑ میں بارسلونا کے لیوئنل میسی اور بائرن میونخ کے فرینک ریبری بھی شامل تھے۔

ارجنٹائن کے 26 سالہ فارورڈ میسی گذشتہ چار سال سے یہ انعام جیت رہے تھے لیکن اس بار رونالڈو کو اس ایوارڈ کے لیے پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا۔

رونالڈو کا انتخاب فیفا کے ارکان کی فٹبال ٹیموں کے کپتانوں، کوچ اور صحافیوں نے کیا۔

کرسچیانو رونالڈو نے آخری مرتبہ سنہ 2008 میں مانچیسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ اعزاز جیتا تھا۔ انہوں نے گزشتہ سال اپنے کلب اور ملک کی طرف سے 56 میچوں میں 66 گول کیے۔

Image caption لیوئنل میسی گزشتہ چار برس سے یہ ایوارڈ جیت رہے تھے

اس تقریب میں برازیل کے معروف فٹبالر پیلے کو بھی اعزازی بیلن ڈی اور ایوارڈ دیاگیا۔

اس کے علاووہ فیفا پرو ورلڈ XI ٹیم سمیت سات ایوارڈز کا اعلان کیا گیا اور جرمن گول کیپر ندین اینگرر نے بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز جیتا۔

جرمنی کے ہی کلب بائرن میونخ کے سابق کوچ جُپ ہینکس کو سال کا بہترین کوچ قرار دیا گیا۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ مانچیسٹر یونائٹڈ کے سابقہ کوچ سر ایلکس فرگسن اور ڈارمنڈ کے جرگن کلوپ سے تھا۔

اس کے علاوہ سویڈن کے ابراہمووچ کے گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا جبکہ فیئر پلے ایوارڈ افغانستان کو دیا گیا۔

فرانس نے سنہ 1956 میں یورپی فٹبالرز کو نوازنے کے لیے بیلن ڈی اور متعارف کروایا تھا لیکن سنہ 2007 میں اسے عالمی حیثیت دے دی گئی تھی۔

میسی نے گزشتہ سال اپنے ملک اور کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 45 میچوں میں 42 گول کیے تھے۔

اسی بارے میں