آسٹریلین اوپن: اعصام اور بوپنّا کا فاتحانہ آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اعصام اور روہن نے حال ہی میں ایک مرتبہ پھر جوڑی بنائی ہے

پاکستان کے اعصام الحق اور ڈبلز مقابلوں میں ان کے ساتھی بھارت کے روہن بوپنّا آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

جمعرات کو میلبرن میں ہونے والے پہلے راؤنڈ کے میچ میں اعصام اور روہن نے آسٹریلیا کے رمیض جنید اور فرانس کے ایڈریئن مینارینو کی جوڑی کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دی۔

اس ٹورنامنٹ میں اعصام اور روہن کی جوڑی کو درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

اس پاک بھارت جوڑی نے پہلا سیٹ چھ تین کے سکور سے جیتا تاہم مخالف ٹیم نے چھ چار کے سکور سے دوسرا سیٹ جیت کر میچ برابر کر دیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں اعصام الحق اور روہن بوپنّا نے سات چھ سے فتح حاصل کر کے میچ جیت لیا۔

دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ برطانوی کھلاڑیوں راس ہچنز اور کولن فلیمنگ سے ہوگا۔

اعصام اور روہن حال ہی میں دوبارہ ایک ساتھ کھیلتے دکھائی دیے ہیں اور وہ آسٹریلین اوپن سے قبل سڈنی میں ایپیا انٹرنیشنل اے ٹی پی ٹینس چیمپیئن شپ کے فائنل تک پہنچے تھے۔

ان دونوں نے سنہ 2007 سے بطور پارٹنرز ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا تاہم 2011 میں روہن بوپنا کے ایک اور بھارتی ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی کے ساتھ جوڑی بنانے کے بعد یہ جوڑی ٹوٹ گئی تھی۔

روہن کے بعد اعصام الحق کے ساتھی ہالینڈ کے ژان جولین راجر بنے تھے اور یہ جوڑی گذشتہ برس آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ تک پہنچ پائی تھی۔

اسی بارے میں