آسٹریلین اوپن میں سرینا ولیمز کا نیا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سرینا ولیمز نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں تمام میچ سٹریٹ سیٹس میں جیتے ہیں

امریکہ کی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن میں مجموعی طور پر 61واں سنگلز میچ جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

وہ اب آسٹریلین اوپن کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنگلز میچ جیتنے والی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔

ان سے پہلے یہ ریکارڈ 11 مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے والی مارگریٹ کورٹس کے پاس تھا۔

سرینا ولیمز نے یہ ریکارڈ جمعے کو ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں ڈینیئلا ہنچووا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر اپنے نام کیا۔

اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر ایک سرینا نے یہ میچ چھ تین اور چھ تین کے سکور سے جیتا۔

میچ کے دوران سرینا گرمی سے پریشان دکھائی دیں لیکن اس کے باوجود سلواکیہ سے تعلق رکھنے والی ہنچووا انھیں زیادہ پریشان نہ کر سکیں۔

سرینا ولیمز نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں تمام میچ سٹریٹ سیٹس میں جیتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فتح کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مشکل میچ تھا۔ ڈینیئلا ایک مشکل حریف ہے اس لیے میں خوش ہوں کہ میں نے فتح حاصل کی۔ موسم گرم تھا لیکن ہمیں تو کھیلنا ہے اور اس کے لیے خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرنا ہے۔ میں آگے بڑھنے پر بہت خوش ہوں۔‘

خیال رہے کہ رواں برس آسٹریلین اوپن میں شریک کھلاڑیوں کو شدید گرم موسم کا سامنا کرنا پڑا ہے اور جمعے کو بھی درجۂ حرارت 41 اعشاریہ چار سنٹی گریڈ تھا۔

اس سے پہلے جمعرات کو ٹورنامنٹ میں تمام میچ اس وقت روکے دیے گئے تھے جب درجۂ حرارت 43 ڈگری سنٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا تھا۔

اسی بارے میں