شارجہ ٹیسٹ: احمد شہزاد کی سنچری، سری لنکا کی برتری برقرار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption احمد شہزاد نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 147 رنز بنائے

شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 137 رنزدرکار ہیں اور اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا اور میچ کے اختتام پر کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد کریز پر موجود تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے دن پاکستان کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد کے سنچری تھی۔ وہ 147 رنز ہیرتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑیوں میں خرم منظور نے 52، اظہر علی نے 8، اسد شفیق نے 18 اور یونس خان نے 17 رنز بنائے۔

اس سے پہلے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے تھے جب احمد شہزاد اور خرم منظور کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب پانچ اور 14 رنز بنائے تھے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز کر اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے اور اینجلو میتھیوز نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

میچ کے دوسرے دن سری لنکا کو جلد ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب پرسنا جے وردھنے کو محمد طلحہ نے 35 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

سری لنکا کی جانب سے بلے باز دل رو وان پریرا نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ اینجیلو میتھیوز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز بنائے۔

دونوں بلے باز اپنی سنچریاں مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین، سیعد اجمل اور محمد طلحہ نے دو دو جب کہ عبدالرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے تھے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اسی بارے میں