نیوزی لینڈ نے بھارت کو 24 رنز سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویرات کوہلی نے دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 123 رنز بنائے

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیپیئر میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے مہمان ٹیم کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔

میزبان ٹیم نے بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں 293 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم اس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 48.4 اوورز میں 268 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

بھارت کی اننگز کے کامیاب ترین بلے باز ویرات کوہلی رہے جنہوں نے دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 123 رنز بنائے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی نے سنچری بنائی ہو اور بھارت پھر بھی میچ ہار گیا ہو۔

ویرات کوہلی نے اب تک ایک روزہ میچوں میں 18 سنچریاں بنائی ہیں جن میں سے 12 دوسری بیٹنگ کرتے ہوئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میچل مکیلنحاں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کوری اینڈرسن نے دو، ٹم سدی، ایڈم ملن اور کین ولیئمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کین ولیئمسن نے71 اور راس ٹیلر نے 55 رنز بنائے۔ ایک روزہ میچوں کی تیز ترین سنچری کرنے والے بلے باز کوری اینڈرسن نے 40 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔ کوری اینڈرسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

محمد شامی نے چار وکٹیں جبکہ راوندرا جدیجا، اشانت شرما اوربوونشوار کمار نے ایک ایک وکٹ لی۔

اسی بارے میں